عینی شاہدین کے مطابق ’نامعلوم افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو کار سواروں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔‘
پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ’مقتول عامر، ریحان، صدام اور مسکان آپس میں دوست تھے۔ لانڈھی کی رہائشی مقتولہ مسکان طلاق یافتہ اور ایک بچے کی ماں تھی۔‘
پولیس ذرائع کے مطابق ’مقتولہ مسکان اور مقتول عامر کا رحمان نامی لڑکے سے چند ماہ قبل جھگڑا ہوا تھا، رحمان بھی لانڈھی کا رہائشی اور ٹک ٹاکر ہے۔‘
’جھگڑے کے دوران رحمان نے مقتول عامر پر ہوائی فائرنگ بھی کی تھی، واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ مقتولین جس گاڑی میں سوار تھے وہ ان کے دوست کی بتائی گئی ہے۔‘
دوران تفتیش ہلاک ہونے والے نوجوان صدام اور ریحان کا مزید کریمینل ریکارڈر بھی سامنے آگیا ہے۔ مقتول ریحان عرف انعام شاہ پر اقدام قتل اور جوا کے مقدمات درج ہیں۔
ان پر 2019 میں اتحاد ٹاؤن تھانے میں سرکار کی مدعیت میں جوئے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ جون 2019 میں بھی مقتول ریحان پراقدام قتل کا مقدمہ اتحاد ٹاؤن میں درج ہوا۔
علاوہ ازیں، مقتول صدام کے خلاف چرس رکھنے کا مقدمہ بھی درج ہے۔ صدام اور ریحان کے خلاف 16 جنوری کو ہوائی فائرنگ کا مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔
پولیس نے جائے حادثہ سے نائن ایم ایم پستول کے نو خول جمع کیے ہیں، جبکہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے کار سواروں کو تعاقب کرنے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا۔ گاڑی کے پچھلے شیشے پر گولیوں کے دو نشانات موجود ہیں۔
مقتولین ٹک ٹاکرز تھے اور انہوں نے آخری ٹک ٹاک ویڈیو گذشتہ روز پیر کی رات بنائی تھی۔
پیر اور منگل کی درمیانی رات کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں موٹر سائیکل پر سوار مرد اور عورت کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے مقتولین کی شناخت عدنان اور عینی کے نام سے کی ہے، مقتولین ہجرت کالونی کے رہائشی اور آپس میں دوست تھے۔ مقتولہ شادی شدہ ہے اور ان کا تعلق سرگودھا سے ہے جبکہ مقتولہ کا شوہر نعش وصول کرنے پہنچ گئے۔
پولیس کے تفتیشی حکام نے بتایا کہ ’مقتولہ کے موبائل فون سے دو مشتبہ افراد کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔‘
دونوں مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ’مقتول عدنان کی لاش کو ان کے ورثا آبائی علاقے کوہاٹ لے گئے ہیں۔‘