Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپٹو کرنسی میں نقصان: ’کبھی قیاس آرائی نہ کریں، یہی ایک اصول ہے‘

بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں بدھ کو 30 فیصد کمی ہو گئی جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے تبصروں، طنزو مزاح اور میمز کا طوفان امڈ آیا۔
بٹ کوئن کی قیمت میں کمی کے بعد جہاں پوری دنیا سے صارفین ٹوئٹر ٹرینڈز کا حصہ بنے وہیں پاکستان میں بھی ’بٹ کوائن کریشڈ‘ ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بٹ کوائن کی قیمت میں کمی چین کی جانب سے کرپٹو کرنسیز پر پابندی اور ایلون مسک کی جانب سے اس عندیے کے بعد ہوئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اپنی بٹ کوائنز کی بڑی تعداد بیچنے کا ادارہ رکھتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے کی گئی ٹویٹ اتنی طاقتور ثابت ہوئی کی بٹ کوائن مارکیٹ میں کھلبلی مچ گئی جس سے یہ اندازاہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایلون مسک ایک طاقت ور شخصیت ہیں۔
ایلون مسک کی ٹویٹ کے علاہ بٹ کوائن کی قیمت کم ہونے میں جو عوامل شامل ہیں ان میں چین کی جانب سے منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے 2019 سے کرپٹو کرنسیز کی ٹریڈنگ پر پابندی بھی ہے۔
بٹ کوئن کریش ہونے کے بعد ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔
ٹوئٹر صارف ریا پارکھ لکھتی ہیں کہ ’جب آپ اپنے والد کی رضامندی کے خلاف بٹ کوائن خریدیں، اور آپکے والد کہیں میں نے تو پہلے ہی کہا تھا۔‘
کچھ ایسے صارفین بھی نظر آئے جنہوں نے بٹ کوائن خریدینے میں اپنا پیسہ انویسٹ نہیں کیا اور اب ان کو اپنا آپ باقی صارفین سے بہتر نظر آرہا تھا۔
اسی حوالے سے صارف ویویک تھباریا نے لکھا کہ ’اچانک اب میں خود کو بہت زیادہ ہوشیار محسوس کر رہا ہوں۔ ہوشیاراس لیے نہیں کہ میں جانتا تھا کہ ایسا ہوگا، لیکن اس لیے کہ میں قیمتوں کو جذ باتی ہوئے بغیر فالو کر سکتا ہوں۔‘
انڈین فلم ڈائریکٹر منیش مندرہ نے بٹ کوائن کی حالیہ قیمت میں کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی میں قیاس آرائی کبھی نہ کریں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ یہ کتنا منافع بخش اور محفوظ نظر آتا ہے۔ کبھی قیاس آرائی نہ کریں۔ یہی ایک اصول ہے۔‘
صارفین جہاں بٹ کوئن کی قیمت میں کمی کے باعث ہونے والے نقصان پر تبصرے کرتے نظر آئے وہیں کچھ صارفین ایلون مسک کی طاقت کا اندازہ بھی لگاتے رہے۔ صارف سمن کھڈکا نے لکھا کہ ’ایلون مسک اپنی طاقت سے آگاہ ہے، وہ صرف سستا خریدنا چاہتا تھا۔‘
بٹ کوائن کی وجہ سے نقصان اٹھانے والے صارفین بھی ٹویٹس کرنے میں پیش پیش رہے۔
ٹوئٹر ہینڈل زیک نے لکھا کہ ’ڈیئر ڈائری، میں نے ایک بار پھر سب کچھ کھو دیا۔‘

 

واضح رہے کہ بٹ کوائن کی قیمت  بدھ کے روز 45,600 ڈالر سے گر کر 40 ہزار ڈالر تک آ گئی تھی۔ اس کے بعد 30 ہزار ڈالر تک گرنے سے قبل یہ پھر اوپر آئی اور اس کے بعد پھر 33 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
خیال رہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ ماہ ریکارڈ 63 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

شیئر: