مملکت میں سالانہ 5 ہزار ٹن شہد کی پیداوار
مملکت بھر میں شہد کے چھتوں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہے- (فوٹو سبق)
سعودی عرب نے پوری دنیا کے ساتھ جمعے کو شہد کا عالمی دن منایا یا ہے۔ ہر سال 20 مئی کو یہ دن منایا جاتا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اس موقع پر شہد کی مکھیوں کے لیے مناسب ماحول کے حوالے سے اپنی کوششوں کا تعارف کرایا ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے شہد کی تیاری اور شہد کی مکھیوں کی چھتوں کو منظم کرنے کے لیے خصوصی ادارہ قائم کیا ہے۔ وزارت شہد کی مکھیوں کی افزائش، شہد کی پیداوار اور شہد سازی کے پیشے کی سرپرستی کررہی ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے شہد کی مکھیوں کی نئی نسلوں کی تیاری سے متعلق پروگرام سے بھی آگاہ کیا ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت شہد سازی کے پیشے سےمنسلک افراد کو تکنیکی تعاون بھی فراہم کررہی ہے۔ دنیا کے مختلف علاقوں میں اس حوالے سے ہونے والے تجربات سےانہیں آگاہ کیا جاتا رہتا ہے۔
سعودی عرب میں کئی قسم کے شہد پائے جاتے ہیں ان میں سب سے زیادہ مشہور السدر، الاکاسیا، الطلح، السمر، الضھیان اور البرسین ہیں۔ سعودی شہد بین الاقوامی منڈیوں میں پسند کیا جارہا ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ’زراعی‘ پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے جہاں مفید معلومات ریکارڈ وقت میں مہیا کی جاتی ہیں۔
سعودی عرب سالانہ 5 ہزار ٹن سے زیادہ شہد تیار کررہا ہے جبکہ مملکت بھر میں شہد کے چھتوں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں