قوانین کی خلاف ورزی پر جدہ میں انڈونیشی یوٹیوبر گرفتار
’یوٹیوبر نے ایک بچے کو استعمال کرتے ہوئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کر رکھی تھی‘ ( فوٹو : سبق)
سعودی سیکیورٹی اداروں نے جدہ میں مقیم ایک مشہور یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں انڈونیشی قونصل خانے نے کہا ہے کہ ’یوٹیوبر کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ہے‘۔
قونصل خانے نے کہا ہے کہ ’یوٹیوبر سے تفتیش جاری ہے تاہم اسے تمام حقوق کے علاوہ مناسب حالات میں رکھا گیا ہے‘۔
’مقامی قوانین کے مطابق کسی بھی شخص کو چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں، ایسا کرنے پر قانونی کارروائی کی جاتی ہے‘۔
دریں اثنا سیکیورٹی اداروں نے کہا ہے کہ ’مذکورہ انڈونیشی یوٹیوبر نے ایک بچے کو استعمال کرتے ہوئے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کر رکھی تھی‘۔
قونصلیٹ نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’زیر حراست تارک وطن سے تفتیش جاری ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ اس پر معصوم بچوں کو ناجائز طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد نہ کیا جائے‘۔
ادھر انڈونیشی وسائل اطلاعات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذکورہ یوٹیوبر نے اپنے ملک میں رفاہی کاموں کے لیے عطیات مہم چلا رکھی تھی جس کے لیے اس نے متعدد وی لاگ میں ایک بچے کو ساتھ رکھا ہوا تھا‘۔