Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کھیلے جائے گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔
سی اے اے نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست پر آج اتوار کو سری لنکا کے 10 کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی ہے۔
اس حوالے سے سی اے اے کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
کورونا کی وجہ سے سری لنکا سول ایوسی ایشن کی کیٹیگری سی ممالک میں شامل ہے جہاں سے کسی کو آنے کی اجازت نہیں۔ تاہم سول ایوی ایشن نے سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کے لیےخصوصی اجازت نامہ جاری کیا ہے۔
سری لنکن کھلاڑی آج قطر ایئر ویز کی پرواز سے کولمبو سے کراچی کے لیے اڑان بھریں گے۔
تمام کھلاڑی 26 مئی کو چارٹر فلائٹس کے ذریعے لاہور اور کراچی سے خصوصی طیاروں پر یو اے ای روانہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے دو روز قبل ہی پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے تمام معاملات پر مکمل منظوری مل گئی ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں ختم ہوگئی ہیں، جس پر ہم بہت خوش اور ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

شیئر: