وزارت اسلامی امور نے سینیٹائزنگ کے بعد مزید 16 مساجد کھول دیں
وزارت اسلامی امور مساجد میں احتیاطی تدابیر پر کی نگرانی کر رہی ہے( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں زارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ پانچ علاقوں میں عارضی طور پر بند کی جانے والی سولہ مساجد کو سینیٹائز کرکے نمازیوں کے لیے دوبارہ کھولا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور نے گزشتہ 107 روز کے دوران ایک ہزار 326 مساجد کو سینیٹائز کرکے نمازیوں کے لیے بحال کیا ہے۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ پیر کو جن مساجد کو سینیٹائز کرکے کھولا گیا ہے ان میں سے سات کا تعلق مکہ مکرمہ ریجن، 6 کا القصیم ریجن، جبکہ ایک، ایک کا ریاض، مدینہ منورہ اور باحہ ریجنوں سے ہے۔
بیان میں وزارت اسلامی امور نے کہا کہ مساجد کو سینیٹائز کرنے کا فیصلہ نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا جاتا ہے۔ وزارت نے پھر تاکید کی کہ وہ مسجد آتے وقت ماسک ضرور پہنیں، جا نماز ہمراہ لائیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔