Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس، 19 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد دوبارہ بحال

گزشتہ 105 دنوں میں ایک ہزار 280 مساجد عارضی طور پر بند کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مملکت کے 8 شہروں کی 19 مساجد میں سینیٹائزنگ مکمل کرنے کے بعد انہیں دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے گزشتہ 105 دنوں میں مملکت کے مختلف ریجنز کی ایک ہزار 280 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد انہیں عارضی طور پربند کرکے ان کی مکمل سینیٹائزنگ کی گئی تاکہ مساجد میں آنے والے نمازیوں کو اس مہلک بیماری سےمحفوظ رکھا جاسکے۔ 
وزارت اسلامی امور کی جانب سے مزید کہا گیا  کہ جن 8 شہروں میں 19 مساجد کی سینیٹائزنگ کرنے کے بعد انہیں دوبارہ کھولا گیا ان میں چھ مساجد ریاض ریجن میں جبکہ تین الباحہ اور جازان ریجن جبکہ عیسر، مدینہ منورہ، نجران ، تبوک اور شمالی حدود کے علاقوں میں بھی ایک ایک مسجد شامل تھی۔ 
واضح رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مملکت کے طول و عرض میں تمام مساجد کی انتظامیہ کو تحریری طورپر متنبہ کیا جا چکا ہے کہ جیسے ہی کسی بھی مسجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہو اس کے بارے میں فوری طورپر وزارت کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیاجائے تاکہ مسجد کو عارضی طورپر بند کرنے کے بعد اسے مکمل طورپر جراثیم کش ادویات سے صاف کیاجاسکے۔ 
وزارت اسلامی امور نے مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل جاری رکھا جائے جبکہ آنے والے نمازیوں کو ماسک کی پابندی کرائی جائے ہر شخص اپنی جائے نماز ہمراہ لائے۔

شیئر: