سعودی شہری کے قتل کے مجرم کو سزائے موت
ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری ہوگیا تھا۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ہموطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر ایک سعودی شہری کو منگل کو سزائے موت دی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے ے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ سعودی شہری مفید بن سعید الحازمی نے اپنے ہموطن عبدالھادی بن خضیرالرشیدی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نےمفرور الحازمی کو تلاش کرکے گرفتار کیا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد اس کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔
فوجداری کی عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر اسے قصاص کی سزا سنادی تھی۔ اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے بھی سزائے موت کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری ہوگیا تھا۔
سعودی وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ’ ملک میں امن و امان اور عدل و انصاف کی راہ میں آنے والے کسی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’امن پسندوں پر حملے اور قتل کی وارداتیں کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر آزاد نہیں چھوڑا جائے گا جو شخص بھی قتل کی واردات کرے گا اسے اپنے کیے کی سزا ملے گی‘۔