چار ماہ میں سعودی خواتین کے لیے 30 ہزار تجارتی لائسنس
2020 کے دوران خواتین نے ایک لاکھ تجارتی لائسنس جاری کرائے تھے۔ ( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے کہا ہے کہ 2021 کے آغاز سے اپریل کے آخر تک سعودی عرب میں خواتین نے 30 ہزار تجارتی لائسنس جاری کرائے ہیں۔
تھوک و ریٹیل کے کاروبار کے علاوہ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی مینٹینس، رہائش اور کھانے اور تعمیرات جیسے کاروبار کے لیے لائسنس جاری کرائے گئے۔
عرب نیوز اورالعربیہ نیٹ کے مطابق وزارت تجارت نے کہا کہ تجارتی لائسنس سے متعلق سعودی شہریوں میں کوئی فرق نہیں کیا جاتا جو شرائط مرد حضرات کے لیے ہیں وہی خواتین کے لیے بھی ہیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہےسعودی شہریوں کو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے مطابقت رکھنے والی تجارتی سرگرمیوں کے لائسنس جاری کیے جارہے ہیں۔
وزارت تجارت نے لائسنس کے اجرا کے لیے جو شرائط طے کی ہیں اس کے مطابق لائسنس کےلیے درخواست دینے والےامیدوار کی عمر 18 برس سے کم اور وہ سرکاری ملازم نہ ہو۔
لائسنس کے حصول کے لیے سرمایہ پانچ ہزار ریال سے کم نہ ہواور وہ ابشر سروس ایکٹیو کرائے ہوئے ہو۔
وزارت تجارت کے مطابق سالانہ فیس 200 ریال ہوگی جس میں ایوان صنعت و تجارت کی فیس الگ سے لی جائے گی اور یہ ہر کاروبار اور کاروباری زمرہ بندی کے حوالے سے مختلف ہے۔
یاد رہے کہ 2020 کے دوران خواتین نے ایک لاکھ سے زیادہ تجارتی لائسنس جاری کرائے تھے۔