Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین بانجھ پن کا سبب نہیں، سعودی وزارت صحت

کورونا ویکسین کی 13.4 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت صحت  نے تصدیق کی ہے کہ کورونا  وائرس  کی ویکسین بانجھ پن یا کسی اور تولیدی پیچیدگی کا سبب نہیں بنتی۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت صحت نے کورونا   ویکسین کے حوالے سے افواہوں کا جواب دیتے ہوئے سعودیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قدم بڑھائیں اور ویکسین لگوائیں۔
وزارت کی جانب سے دیئے گئے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووڈ19 ویکسین کا تولیدی نظام پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔
وزارت صحت  کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العلی نے کہا  ہےکہ اس بات میں کوئی حقیقت نہیں نیز یہ معلومات قابل اعتبار نہیں۔
ڈاکٹر  العبد العلی نے وضاحت کی کہ  کئی ایک  تحقیق سے ویکسین کے محفوظ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ یہ ان خواتین کے لئے بھی محفوظ پائی گئی ہے جو یا تو حاملہ ہیں یا ان کے ماں بننے کی امید ہے ۔
ترجمان نے واضح کیا کہ مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کو رونا وائرس سے پیدا ہونے والا انفیکشن تولیدی خلیوں کو متاثر کرتا ہے۔ زرخیزی اور تولیدی صلاحیت پر بھی اس کا اثر پڑتا ہے تاہم یہ خطرہ کورونا انفیکشن سے لاحق ہوتا ہے، ویکسین سے نہیں۔
دریں اثنا چونکہ کچھ ممالک نے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ٹیکہ لگانے کی منظوری دے دی ہے، اس لئے وزارت صحت میں پریونٹیو ہیلتھ کے اسسٹنٹ نائب وزیر ڈاکٹر عبد اللہ عسیری نے کہا ہے کہ ایک بار مملکت کی 70 فیصد بالغ آبادی کو ویکسین لگانے کے بعد 12 سال کی عمر سے ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کرنے پر غور کیا جائے گا۔

کچھ ممالک نے 12 سال سے زائد عمر بچوں کو ویکںسین کی منظوری دے دی۔(فوٹو عرب نیوز)

وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ہر 100 میں 38.5 خوراکوں کی شرح سے ویکسین کی 13.4 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ روز بدھ کو 1320 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد  تصدیق شدہ کیسوں کی کل تعدادچار لاکھ 44 ہزار 780 تک پہنچ گئی ہے ۔
 کئی ماہ بعد پہلی بار فعال کیسز کی تعداد میں دس ہزارسے تجاوز نظر آیا ہے۔ یہ تعداد 10023 تک پہنچی ہے۔
گزشتہ 6 ماہ کے دوران پہلی مرتبہ کووڈ19 سے ہونے والی یومیہ اموات کی تعداد 17 ریکارڈ کی  گئی ہے۔ جس کے بعد  وبائی مرض سے متاثرہ  مریضوں کی اموات کی تعداد 7295 ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران پی سی آر کے تقریباً 93145 ٹیسٹ کروائے گئے۔ پچھلے سال مارچ میں کورونا وباکے آغاز کے بعد سے اب تک 18.7 ملین سے زیادہ یہ ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث ہونے والا انفیکشن تولیدی خلیوں کو متاثر کرتا ہے۔ (فوٹو العربیہ)

ملک بھر میں قائم ٹیسٹنگ یونٹ اور ٹریٹمنٹ مراکز کووڈ 19 کے حوالے سے لاکھوں افراد کو خدمات فراہم کر چکے ہیں۔ان میں تاکد  مراکز ان لوگوں کوکووڈ19 ٹیسٹ فراہم کرتے ہیں جن میں یا تو کووڈ کی علامات بالکل نہیں ہوتیں یا پھر بہت معمولی ہوتی ہیں یا جنہیں یہ یقین ہوتا ہے کہ وہ کووڈ سے متاثرہ کسی فرد کے ساتھ رابطے میں آئے ہیں۔
تیتمن کلینکس ان لوگوں کو علاج اور مشورہ فراہم کرتے ہیں جن میں بخار، ذائقے اور سونگھنے کی حس کے خاتمے اور سانس لینے میں دشواری جیسی کورونا وائرس کی علامات پائی جاتی ہوں۔
مذکورہ دونوں قسم کی خدمات کے لئے وزارت ”صحتی“ ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے۔
 
 

شیئر: