وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ’این سی او سی کے آج جمعے کو ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کی جائے گی۔‘
جمعے کو اپنی ٹویٹ میں اسد عمر نے لکھا کہ ‘اگر آپ کی عمر 30 یا اس سے زائد ہے اور آپ رجسٹرڈ ہیں تو کسی بھی ویکسینیشن سینٹر تشریف لے جائیں اور ویکسین لگوائیں۔‘
In the NCOC meeting today it was decided to open up walk in vaccination for 30 plus from tomorrow . So if you are 30 or older and registered please go to any vaccination centre and get vaccinated
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 28, 2021
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ ’لاہور میں سات جون کو سکول کھول دیے جائیں گے جبکہ جون سے پہلے پہلے تمام اساتذہ اور دیگر عملے کی ویکسینیشن مکمل کر دی جائے گی جس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘
جمعے کو لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بتایا کہ ’کوشش ہے کہ گرمی کی چھٹیاں کم سے کم ہوں۔‘
ان کے بقول ’بہت ہو گئیں چھٹیاں، بچوں کا بہت وقت ضائع ہوا ہے۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ چھٹیاں کتنی ہوں گی تو ان کا کہنا تھا کہ دو سے تین ہفتے یا پھر اس سے بھی کم ہو سکتی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
امتحانات کے انعقاد پر طلبہ اور والدین پریشان کیوں ہیں؟Node ID: 568701
اس سوال کے جواب میں کہ کیسے پتہ چلے گا کسی ٹیچر نے ویکیسن لگوائی ہے یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ ’شناختی کارڈ کے ذریعے ویکسینیشن ہو گی، ہمارے پاس پورا ڈیٹا موجود ہو گا۔‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’لاہور میں 16 ہزار ٹیچرز اور چار ہزار نان ٹیچر سٹاف ہے۔‘ اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 35 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ بقول ان کے ’ یومیہ ڈیڑھ لاکھ ویکسینز لگانے کا ہدف ہے۔‘
