’ایک دن میں ڈھائی لاکھ افراد کی ویکسینیشن‘،شفقت محمود کو بھی کورونا
اسد عمر نے لکھا کہ ’تمام رجسٹرڈ لوگوں سے درخواست ہے کہ جلد ویکسینیشن کے لیے ویکسین سینٹر جائیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ پیر کو پہلی بار ایک دن میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے منگل کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’کل پہلی دفعہ ایک دن میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی، کل 267،953 لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔‘
انہوں نے ایک بار پھر اپیل کی کہ ’تمام رجسٹرڈ لوگوں سے درخواست ہے کہ جلد اپنی ویکسینیشن کے لیے ویکسین سینٹر جائیں۔ جن افراد کی دوسری ویکسین لگنی ہے وہ ضرور بروقت ویکسینیشن کے لیے جائیں۔‘
ادھر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی اطلاع انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے دی ہے۔
شفقت محمود نے لکھا کہ ’میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وائرس کی معمولی علامات کے ساتھ میں ٹھیک ہوں۔ انشااللہ جلد ہی صحت یاب ہو جاؤں گا۔
منگل کو این سی او سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 92 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس مہلک وبا کے دو ہزار 253 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔