Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ فہد پل سے ایک ہفتے میں 82 ہزار افراد کی بحرین روانگی

شاہ فہد پل پربحرین جانے والوں کے لیے 27 ٹریک کھولے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کا کہنا ہے کہ گزشتہ آٹھ دنوں میں 82 ہزار افراد شاہ فہد پل کے ذریعے بحرین جاچکے ہیں جبکہ اس تعداد میں روزانہ کی بنیاد پراضافہ ہورہاہے۔
ویب نیوز’عاجل‘ نے محکمہ جوازات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے شاہ فہد پل پر کسٹم ، پاسپورٹ اور امیگریشن کے کاونٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مسافروں کی سہولت کےلیے27 ٹریک مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ بحرین جانے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شاہ فہد پل کے ذریعے بحرین سے آنے والوں کےلیے بھی امور صحت کی جانچ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ اس بارے میں کورونا وائرس کے حوالے سے مقررہ ایس اوپیز پر بھی عمل کیاجارہا ہے۔

 ’محفوظ ‘ سٹیٹس رکھنے والے سعودیوں کو پی سی آر کی ضرورت نہیں (فوٹو، ٹوئٹر)

امور صحت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے تحت سعودیوں کی بحرین سے آمد کے وقت پی سی آرکی ضرورت نہیں ، وہ افراد جو’کورونا سے محفوظ ‘ ہیں انہیں آئسولیٹ نہیں کیاجاتا اور نہ ہی ان کا کورونا ٹیسٹ کیاجاتاہے۔
بحرین سے آنے والے ایسے افراد جو ’کورونا سے محفوظ ‘ اسٹیٹس کے حامل  نہیں اور 18 برس سے کم عمرہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ 7 دن ہاوس آئسولیشن میں گزاریں اور چھٹے روز اپنا پی سی آر ٹیسٹ کرائیں ۔ 8 برس سے کم عمر بچوں کےلیے ٹیسٹ درکار نہیں ہوگا۔
سعودی شہری کی غیر ملکی بیگم یا سعودی خاتون کے غیرملکی شوہر اور انکے بچے یا انکے ساتھ آنے والے گھریلوں ملازمین کے علاوہ سفارتکار اور انکے اہل خانہ و گھریلو ملازمین کےلیے مقرر کیے جانے والے قواعد درج ذیل ہیں۔
ایسے افراد جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے اور وہ کورونا سے محفوظ ہیں انہیں آئسولیشن یا ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ درج بالا زمرے میں شامل ایسے افراد جو کورونا سے ’محفوظ‘ کے اسٹیٹس کے حامل نہیں (ویکسین نہ لگوانے والے) کو مملکت آنے کے بعد 7 دن تک ہاوس آئسولیشن میں رہنا ہوگا اور چھٹے روز انہیں پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

وزٹ ویزے پر ’کورونا سے محفوظ‘ سٹیٹس کے حامل  ہی بحرین سے آنے سکتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر) 

بحرین کے راستے نجی یا تجارتی وزٹ اور سیاحتی ویزوں کے حامل ایسے افراد ہی کو آنے کی اجازت ہو گی جن کا اسٹیٹس ’کورونا سے محفوظ ‘ کا ہوگا تاہم انہیں مملکت آنے سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
ٹریلرڈرائیوروں کو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ان پرہاوس آئسولیشن کی بھی پابندی نہیں ہوگی۔
پانچویں زمرے میں سرکاری شعبوں (صحت ، نیشنل گارڈز ، دفاع، تعلیم وغیرہ)  سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد جو ’کورونا سے محفوظ‘ اسٹیٹس کے حامل نہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ  وہ مملکت آنے کے بعد اپنی رہائش گاہوں پرآئسولیٹ ہوں اور24 گھنٹےکے اندر پی سی آر ٹیسٹ کرائیں بعدازاں آئسولیشن کے ساتویں دن بھی پی سی آر ٹیسٹ کرائیں۔
نجی شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو بھی مملکت آنے کے 24 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہو گا بعدازاں ہاوس آئسولیشن کے ساتوں روز ٹیسٹ کو دہرانا لازمی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: