’سعودی عرب جلد ہی سیاحتی ویزوں کا اجرا شروع کرے گا‘
غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کرنا سعودی عرب کی تیل پر انحصار کو ختم کرنے کی بنیاد ہے۔ (فوٹو: سپلائیڈ)
امریکی نیوز چینل بلومبرگ نے ایک سعودی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب گذشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ ہونے والے سیاحتی ویزوں کے جلد ہی دوبارہ اجرا کے لیے منصوبے بنا رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بدھ کو امریکی نیوز چینل کو بتایا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ اور یورپین ممالک کے ساتھ بھی ایک مشترکہ پروٹوکول پر سفر کی سہولت کے لیے کام کر رہا ہے۔
غیر ملکی سیاحوں کی حوصلہ افزائی کرنا سعودی عرب کی تیل پر انحصار کو ختم کرنے کی بنیاد ہے۔
سعودی عرب نے ستمبر سنہ 2019 میں اپنی سرحدیں کھول دی تھیں۔ اس سے قبل اس کا شمار ایسے ممالک میں ہوتا تھا جہاں حج کے علاوہ سفر کرنا نہائیت مشکل تھا۔
سعودی عرب چاہتا ہے کہ سیاحت کا شعبہ سنہ 2030 تک جی ڈی پی میں 10 فیصد تک حصہ ڈالے لیکن وائرس نے ان منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
گذشتہ سال فروری میں بیرون ملک سے سیاحت کو محدود کرنے کے بعد حکام نے وائرس پر قابو پانے کے لیے تمام آنے اور جانے کے سفر کو ختم کر دیا تھا۔