کتے کو غباروں کے ساتھ ہوا میں اُڑانے پر انڈین یوٹیوبر گرفتار
گورو شرما نامی اس یوٹیوبر نے کہا ہے کہ ’میں اس سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔‘ (فوٹو سکرین گریب)
کیا کوئی اپنے پالتو جانور کی جان خطرے میں ڈال کر لطف اندوز ہو سکتا ہے؟ جانوروں سے پیار کرنے والے افراد کوئی بھی ایسا کام کرتے ہوئے ہچکچائیں گے۔
لیکن انڈیا میں ایک یوٹیوبر نے اپنے ہی پالتو کتے کو غباروں کے ساتھ ہوا میں اُڑایا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گرفتار انڈین یوٹیوبر کے 40 لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں۔ ان کا کہنا ہے وہ اپنے پالتو کتے سے محبت کرتا ہے مگر انہوں نے کتے کو غباروں کے ساتھ باندھ کر ہوا میں چھوڑ دیا اور پھر اس کی ویڈیو بنا کر اپنے یوٹیوب چینل پر چلائی۔
گورو شرما نامی یوٹیوبر نے جمعرات کو رہا ہونے کے بعد ایک اور ویڈیو میں کہا ہے کہ ’جس کسی کو بھی مجھ پر غصہ ہے میں اس سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔ میں نے بہت بڑی غلطی کر دی۔‘
تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی کتے کے ساتھ محبت کو غلط رنگ دیا گیا۔ ’میں غیرشادی شدہ ہوں مگر (ڈالر) کتا میرے بچوں کی طرح ہے۔‘
گورو شرما کا کہنا تھا کہ ’میری یوٹیوب پر موجود پرانی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میں نے گرمیوں اور سردیوں میں ’ڈالر‘ کے لیے شاپنگ کی۔ ’میں اس کے لیے چیزیں خریدتا ہوں اور اسے گھمانے کے لیے لے جاتا ہوں۔ حتیٰ کہ میں دوسرے کتوں کو مدعو کرکے اس کی سالگرہ بھی مناتا ہوں۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر کو جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’پیپل فار اینیمل‘ کی اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔
کتا ہوا میں زیادہ اونچائی تک اس لیے نہ جا سکا کیونکہ قریبی بالکونی میں سے کسی شخص نے اسے پکڑ لیا۔