امارات میں کورونا کے ریکارڈ دو ہزار 236 نئے مریض
متاثرین کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 65 ہزار 451 ہوگئی ہے۔ (فوٹو ایے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جمعہ 28 مئی کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ریکارڈ دو ہزار 236 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ تعداد ایک ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔
نئے مریض مختلف قومیت سے ہیں، ان سب کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری علاج فراہم کیا جارہا ہے۔ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 65 ہزار 451 ہوگئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید 2 لاکھ 39 ہزار 852 ٹیسٹ کیے گئے ہیں‘۔
وزارت نے بتایا کہ’ وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید دو ہزار 206 صحتیاب ہوئے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 45 ہزار 229 ہوگئی‘۔
بیان کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں میں سے مزید 4 چل بسے۔ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 668 ہوگئی‘۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
عالوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا ہے کہ جمعے کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ایک لاکھ 14 ہزار 55 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک ایک کروڑ 26 لاکھ 46 ہزار 25 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔