مدینہ منورہ .... مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحنوں میں نصب الیکٹرانک چھتریوں میں فنی خرابی دورکر دی گئی ۔ ادارہ امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے چھتریوں کا معاینہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔ المدینہ اخبار کے مطابق مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحنو ںمیں نمازیوں کی سہولت کےلئے فولڈنگ چھتریاں نصب ہیں جنکی مجموعی تعداد 250 ہے ۔ چھتری کا گھیرا ( قطر) 25.5 میٹر مربع ہے ۔ جبکہ وزن 40 ٹن ہے ۔ چھتریوں کے سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے سبب لوگوں کو دوپہر کے وقت نماز کی ادائیگی کے دوران مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ ادارہ امور حرمین کو جوں ہی چھتریوں میں فنی خرابی کی اطلاع ملی فوری طور پر اسے درست کرنے کےلئے فنی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی جنہوں نے مسلسل کام کرتے ہوئے خرابی کو درست کر دیا تاکہ زائرین آرام و سکون سے عبادت کر سکیں۔