العلا کے معاشی اور معاشرتی ترقی کے جائزے کے لیے معاہدہ
رائل کمیشن فار العلا اور جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
رائل کمیشن فار العلا نے گورنریٹ کے معاشی اور معاشرتی ترقی کے جائزے کے لیے جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی کے مطابق میمورنڈم میں آبادی میں اضافے، سیاحوں کی تعداد ، آمدنی اوراخراجات کی شرح، العلا کی ثقافت، استحکام، سیاحت اور تعلیمی اشارے کے علاوہ آبادی سے متعلق ترقیاتی اشارے اور اعداد و شمار شامل ہیں۔
میمورنڈم پر آر سی یو کے سی ای او امر المدنی اور جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے سربراہ ڈاکٹر کونراڈ پیسنڈرفر نے دستخط کیے۔
امر المدنی نے کہا کہ ’میمورنڈم پر دستخط العلا کے وژن کے حصول اور مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد، رہائشیوں اور سیاحوں کے معیار زندگی کے معیار کے عزائم حاصل کرنا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا اور تجزیہ میمورنڈم کے مطابق کیا جائے گا جو کمیشن کے اندر فیصلہ کن عمل کی سپورٹ کرے گا اور اس کے منصوبوں اور پروگراموں کے اثرات کی پیمائش کو بہتر بنائے گا۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے سربراہ ڈاکٹر کونراڈ پیسنڈرفرنے تمام شعبوں میں پائیدار ترقیاتی منصوبے تیار کرتے وقت درست اعداد و شمار اور شماریاتی اشارے فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ وہ پالیسی اور فیصلہ سازوں کو ایک ’حقیقی، تفصیلی اور جامع‘ تصویر فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس سے مطلوبہ مقاصد کی نشاندہی کرنے اور اس پرعمل درآمد کے لیے مطلوبہ اقدامات اور طریقۂ کار کا تعین کرنے میں اعلی کارکردگی اور قابلیت کے ساتھ براہ راست اعانت ملے گی۔‘
رائل کمیشن فار العلا گورنریٹ کی ترقیاتی شرح کے جائزے اور العلا کے باشندوں کے لیے ثقافتی،معاشی اور ورثہ کی ترقی کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کے مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے سیاحوں کے تجربے کو تقویت ملے گی۔