اب تک 15 سو کے قریب مساجد کی سینیٹائزنگ کی جاچکی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مملکت کے 5 علاقوں کی 10 مساجد کو سینیٹائزکرنے کے بعد نماز باجماعت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت اسلامی امور کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 118 دنوں میں مملکت کے مختلف ریجنز میں 14 سو 93 مساجد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد سینیٹائزنگ کےلیے انہیں عارضی طورپربند کیا گیا بعدازاں مذکورہ تمام مساجد کو اچھی طرح جراثیم کش ادویات سے دھوکر انہیں دوبارہ کھول گیا گیا۔
جن پانچ علاقوں کی 10مساجد کی سینیٹائزنگ جمعہ کے روز مکمل کی گئی ان میں تین مسجدیں عسیر اورمشرقی ریجن میں تھیں جبکہ دو قصیم ریجن ، ریاض و جازان میں ایک ایک مسجد تھی جہاں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں احتیاط کے پیش نظر عارضی طورپر بند کرکے انکی مکمل سینیٹائزنگ کی گئی۔
خیال رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز میں مساجد کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی کورونا کیس کی تصدیق ہونے پراس کے بارے میں فوری طورپروزارت کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیا جائے۔
کورونا کیس کی اطلاع ملتے ہی وزارت کے متعلقہ شعبے کی ٹیمیں مسجد کی مکمل طورپر سینیٹائزنگ کرتی ہیں تاکہ کورونا وائرس کا خاتمہ کیاجاسکے۔
وزارت اسلامی امور نے مساجد میں نماز باجماعت کے لیے آنے والوں کو بھی سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے کا خیال رکھتے ہوئے صفوں کے درمیان مقررہ فاصلہ رکھیں جبکہ ماسک اور ذاتی جائے نماز کی بھی پابندی کی جائے۔