ریاض کی 10 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے 8 شہروں کی 39 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر انہیں سینیٹائزنگ کے لیے عارضی طورپربند کردیا۔
ویب نیوز سبق نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے اور احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے مساجد میں سینیٹائزنگ کی مہم جاری ہے۔
احتیاطی تدابیر کے تحت مملکت کے آٹھ شہروں کی 39 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر انہیں عارضی طورپر بند کردیا گیا تاکہ مساجد کی سینیٹائزنگ کی جاسکے۔
جن مساجد کو عارضی طورپر بند کیا گیا ان میں دس مساجد ریاض ریجن میں جبکہ 6 مشرقی ریجن اور عیسر ریجن ، 5 مساجد مکہ مکرمہ اور شمالی حدود ، چار جازان ، دو مساجد الباحہ اور ایک مسجد مدینہ منورہ ریجن میں ہے۔
مذکورہ مساجد میں آنے والے بعض افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سینیٹائز کرنے کےلی عارضی طورپر بند کیا گیا۔
وزارت اسلامی امور کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 74 دنوں میں اب تک 764 مساجد کو بند کرنے انہیں سینیٹائز کیا گیا جن میں سے 700 مساجد کی سینیٹائزنگ مکمل ہونکے بعد انہیں دوبارہ کھولا جاچکا ہے۔
واضح رہے وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام شہروں میں مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ مسجد میں آنے والے نمازیوں میں سے کسی میں بھی کورونا کیس کی تصدیق ہونے پرفوری طورپر وزارت کے مخصوص شعبہ کو مطلع کیاجائے تاکہ مسجد کی مکمل طورپرسینیٹائزنگ کی جاسکے۔
مسجد کو عارضی طورپر بند کرکے اسے مکمل طورپر جراثیم کش ادویات سے دھونے اور خشک کرنے بعد دوبارہ نماز باجماعت کےلیے کھولا جاتا ہے۔
خیال رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے نماز باجماعت کےلیے جانے والوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ نماز کے لیے جاتے وقت اپنے ہمراہ جائے نماز لے کرجائیں۔ ماسک کا استعمال لازمی ہے جبکہ صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول پر بھی سختی سے عمل کیاجائے۔