کورونا کیسز سامنے آنے پر 5 شہروں میں 11 مساجد بند
قصیم ریجن کی 4 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے 5 شہروں کی 11 مساجد کو عارضی طور پر بند کردیا۔ مساجد میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز سامنے آئے تھے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 54 دنوں میں 441 مساجد کو عارضی طورپر بند کرکے انکی مکمل سینیٹائزنگ کرنے کے بعد 416 مساجد کو دوبارہ کھول دیاگیا۔
جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قصیم ریجن کی چار مساجد میں 4 کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مکہ ریجن کی 3 مساجد ، ریاض میں دو شمالی حدود اور الجوف ریجن کی ایک ایک مسجد میں کورونا کیسز سامنے آئے تھے۔
واضح رہے ورزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد کی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ کسی بھی کورونا کیس کے سامنے آنے پر فوری طورپر متعلقہ ادارے کو مطلع کیاجائے ۔
وزارت اسلامی امور کے مخصوص ادارے سے مساجد کو سینیٹائز کرنے کے لیے ٹیمیں ارسال کی جاتی ہیں ۔ مساجد کو مکمل طورپر جراثیم کش مواد سے صاف کرنے کے بعد انہیں کھول دیاجاتا ہے۔
یاد رہے وزارت اسلامی امور نے مساجد میں نماز کی ادائیگی کےلیے سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ مسجد میں نماز کے لیے آنے والوں کو اپنی جائے نماز ساتھ لانے کا بھی کہا گیا ہے۔