فن لینڈ میں خواتین فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے مفت ’سپورٹس حجاب‘
فن لینڈ میں خواتین فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے مفت ’سپورٹس حجاب‘
ہفتہ 5 جون 2021 18:30
اگرچہ اس قدم کا ردعمل بنیادی طور پر مثبت رہا لیکن اس مہم کو اکثر لوگوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فن لینڈ میں فٹ بال ایسوسی ایشن نے متنوع پس منظر کے خواتین کھلاڑیوں کو فٹ بال کھلینے پر راغب کرنے کے لیے مفت سپورٹس سکارف کی فراہمی شروع کر دی ہے۔
ایسوسی ایشن کی خواتین اور لڑکیوں کی فٹ بال کی ڈیویلپمنٹ کمیٹی کی سربراہ ہیڈی پہلاجا نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'فٹبال ایسوسی ایشن اب تک درجنوں ہیڈ سکارف تقسیم کر چکا ہے جو تکنیکی طور پر لچکدار کپڑے سے تیار کیے گئے ہیں۔'
پہلاجا نے کہا کہ ’فن لینڈ میں تارکین وطن کے خاندانوں کی لڑکیوں کو فٹ بال کلب میں داخل کرنا واقعی مشکل تھا۔ 'لہذا ہم آپ کے مذہب سے قطع نظر یہ اقدام شروع کرنا چاہتے ہیں چاہے آپ حجاب کا استعمال کریں یا نہ کریں۔'
پہلاجا نے کہا کہ ’ثقافتی مسائل اور اخراجات سے ہٹ کر تارکین وطن خاندانوں کی لڑکیوں اور خواتین کے لیے (حجاب) کھیل میں حصہ لینے میں ایک بڑی رکاوٹ بھی تھی۔
ان کے مطابق کھیل کو مزید آسان اور قابل رسائی بنانے کے لیے مفت حجاب کی تقسیم ایک علامتی قدم ہے۔
اگرچہ اس اقدم کا ردعمل بنیادی طور پر مثبت رہا لیکن اس مہم کو بعض لوگوں نے تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے مذہب کو کھیلوں میں لایا جا رہا ہے اور اس عمل سے خواتین کی توہین ہوتی ہے۔
اس حوالے سے ہونے والی تنقید کے جواب میں پہلاجا نے کہا کہ ’ہم خواتین کے انتخاب کے حق کی حمایت کرتے ہیں چاہے وہ حجاب کا استعمال کریں یا نہیں، وہ جہاں بھی اس کا استعمال کرنا چاہتی ہیں ہم خیرمقدم کریں گے اور حجاب کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔‘
2018 کے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے کیے گئے تجزیے میں معلوم ہوا ہے کہ فن لینڈ میں 15 ممالک میں سب سے زیادہ مضبوط مسلم مخالف رویہ ہے۔
اگرچہ ایف اے کے اعلان نے سوشل میڈیا پر منفی تبصروں کو جنم دیا ہے مگر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 5.5 ملین افراد کی آبادی والے ملک میں حجاب سکیم کسی اہم موضوع کے طور پر سامنے نہیں آسکی۔
رواں ماہ فن لینڈ پہلی مرتبہ یورپی چیمپئن شپ میں حصہ لے گا، جبکہ خواتین کی ٹیم نے پہلی بار یورو 2021 میں کامیابی سے اپنی جگہ بنا لی ہے۔
صنفی امتیاز کے خاتمے اور برابری کو فروغ دینے کے ایک اور اقدام کے طور پر فن لینڈ نے 2019 میں خواتین ڈویژن کے عنوان میں سے لفظ ’خواتین‘ ہٹا کر اس کا نام نیشنل لیگ رکھ دیا ہے۔اور اس کے علاوہ قومی ٹیم کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے مساوی تنخواہ اور بونس کا بھی اعلان کیا ہے۔