Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایڈیڈاس کی نئی مہم میں حجاب والی آرٹسٹ

میک اپ آرٹسٹ سلمیٰ رحمان شوخ رنگوں اور بولڈ میک اپ کے لیے مشہور ہیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
دنیا کے مشہور سپورٹس ویئر برانڈ ’ایڈیڈاس‘ نے اپنی نئی مہم کے لیے حجاب اوڑھنے والی میک اپ آرٹسٹ کا انتخاب کیا ہے۔
برطانوی نژاد بنگلہ دیشی میک اپ آرٹسٹ سلمیٰ رحمان ایڈیڈاس کی ’ہیومن ریس‘ کے نام سے شروع ہونے والی نئی مہم کا حصہ ہیں۔
حال ہی میں ایڈیڈاس نے نامور امریکی گلوکار فیرل ویلیمز کے ساتھ مل کر نئی فٹ بال شرٹس ڈیزائن کی ہیں جن کی تیاری میں ٹائی اینڈ ڈائی تکنیک اور مختلف رنگوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
نئی ڈیزائن والی فٹ بال شرٹس متعارف کروانے کے لیے ایڈیڈاس نے نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں مسلمان آرٹسٹ سلمیٰ رحمان بھی شامل ہیں۔
ایڈیڈاس کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن تخلیقی، نامکمل اور انسان ہونے کا پیغام دیتے ہیں۔ یہ تمام شرٹس ٹائی اینڈ ٹائی اور پینٹ کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھ سے ڈیزائن کی گئی ہیں۔
ایڈیڈاس نے سپورٹس جرسیاں دنیا کے مشہور فٹ بال کلبز کے لیے تیار کی ہیں جن میں آرسینل، ایف سی میونخ، مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور جووینٹس شامل ہیں۔
ایڈیڈاس کے اس نئے پراجکٹ کی اشتہاری مہم کے لیے مسلمان آڑٹسٹ سلمیٰ رحمان کی بھی جرسی میں مختلف تصاویر شائع ہوئی ہیں جن میں انہوں نے اپنے چہرے پر جرسی سے ملتے جلتے رنگوں میں میک اپ بھی کیا ہوا ہے۔
سلمیٰ رحمان نے کمپین کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ جرسیاں اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ رنگوں سے ہی سب متحد ہوتے ہیں۔

شیئر: