سعودی کھلاڑیوں کو سپورٹس ٹریننگ پروگرام کے تحت سپین بھیجا جائے گا
سعودی کھلاڑیوں کو سپورٹس ٹریننگ پروگرام کے تحت سپین بھیجا جائے گا
اتوار 6 جون 2021 19:48
سعودی عرب نے سپورٹس انتظامات میں اپنی اہلیت کو ثابت کیا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ’ کورونا وبا کے دوران انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی میزبانی کرکے سعودی عرب نے سپورٹس انتظامات میں اپنی اہلیت کو ثابت کیا ہے‘۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل اتوار کو وزیر اطلاعات اور ترجمان وزارت صحت کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔
الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر سپورٹس نے بتایا کہ ’ سپورٹس کلبز کی مدد کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ سپورٹس اکیڈمیوں اور کلبز کے اجازت ناموں کا پروجیکٹ جاری کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سپورٹس سرگرمیوں کی سرپرستی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ وزارت نے جو حکمت عملی تیار کی ہے اس کی بدولت نو کلبز کو سپورٹس تنصیبات جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملی ہے۔ تین کلبز کے سپورٹس سینٹرز کو ایک، ایک سٹیڈیم میں تبدیل کیا جائے گا‘۔
وزیر سپورٹس نے کہا کہ ’سکولوں میں سپورٹس ٹورنامنٹ کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اس سال سکول کھلیں گے تو ان میں کھیلوں کے پروگرام بھی ہوں گے۔ سکولوں کے فٹبال ٹورنامنٹ میں ایک لاکھ 30 ہزار طلبہ شرکت کرچکے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’42 سعودی کھلاڑیوں کو سپورٹس ٹریننگ پروگرام کے تحت سپین بھیجا جائےگا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سپورٹس کلبز نےسارا زور فٹبال پر لگا دیا جس کی وجہ سے دیگر کھیلوں میں صلاحیت رکھنے والے نوجوان ضائع ہوگئے۔ آئندہ اس کا تدارک ہوگا‘۔