کیا کورونا ویکسین لگوانے والے ایک برس بعد انتقال کر جائیں گے؟
’وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی افواہ کو بے بنیاد قرار دیا ہے‘ ( فوٹو : سبق)
سعودی عرب کی وزارت صحت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس افواہ کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں دعوی کیا جا رہا تھا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے ایک سال بعد انتقال کر جائیں گے۔
سابق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ کورونا ویکسین لگانے سے ایک سال کے اندر وفات ہوجائے گی۔‘
’کورونا ویکسین انتہائی مفید ہی نہیں بلکہ محفوظ بھی ہے، عالمی طبی اداروں نے اس کی افادیت تسلیم کی ہے جس کے بعد دنیا بھر میں اس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والے اس بحران سے نکلنے کا راستہ یہی ہے کہ ملکی آبادی کی اکثریت ویکسین لگوا لے۔‘
ایک شخص نے ٹوئٹر پر وزارت صحت سے سوال کیا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر یہ بات گردش کر رہی ہے کہ کورونا ویکسین لگانے سے ایک سال کے اندر وفات ہوجاتی ہے، کیا یہ بات درست ہے؟‘
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’یہ بات کسی طور درست نہیں‘۔