مکہ میں معمر افراد کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لئے مہم
’مہم کے دوران معمر افراد کو پہلی یا دوسری خوراک لینے کے لیے پیشگی وقت لینے کی ضرورت نہیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ محکمہ صحت نے 60 سال کی عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لئے مہم چلا رکھی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مہم کے دوران معمر افراد کو پہلی یا دوسری خوراک لینے کے لیے پیشگی وقت لینے کی ضرورت نہیں۔
محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ کے روایتی اور قدیم بازاروں میں مہم چلائی گئی ہے جو عام افراد میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے‘۔
’محکمہ صحت کے اہلکار ویکسین کی اہمیت اور افادیت واضح کرنے کے لئے معمر افراد سے خصوصی طور پر ملاقات کر رہے ہیں‘۔
’علاوہ ازیں مارکیٹوں میں آنے والے مرد و خواتین کو بھی ویکسین کی ترغیب دی جا رہی ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’آگاہی مہم کے اہلکار ویکسین کے حوالے سے لوگوں کے خدشات اور ہر طرح کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دے رہے ہیں‘۔
’مارکیٹ میں آنے والے وہ افراد جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی انہیں سہولت دی جارہی ہے کہ وہ فوری طور پر اور پیشگی وقت لئے بغیر ویکسین لگوالیں‘۔
محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لئے یہ مہم چند روز مزید جاری رہے گی‘۔