حوثیوں کا مارب پر میزائل حملہ امن کوششوں کو ناکام بنانا ہے، یمنی وزیراعظم
حوثیوں کا مارب پر میزائل حملہ امن کوششوں کو ناکام بنانا ہے، یمنی وزیراعظم
پیر 7 جون 2021 15:17
شہر کے وسطی علاقے روضہ میں گیس سٹیشن پر بیلسٹک میزائل سے حملہ ہوا۔ (فوٹو عرب نیوز)
یمن کے وزیراعظم معین عبدالمالک نے مارب شہر کے وسط میں واقع پٹرول سٹیشن پر حوثیوں کے میزائل حملے کو انتہا پسندی جیسا جرم قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یمنی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملہ جس میں21 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اس حملےکا مقصد علاقے میں امن قائم کرنے کی جاری سفارتی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
صوبائی گورنر کے پریس سیکریٹری علی الغلیسی نے بتایا ہے کہ حوثیوں نے مارب شہر کے وسطی علاقے روضہ میں سنیچر کے روز گیس سٹیشن پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔
اس حملے کے نتیجے میں 5 سالہ بچی سمیت کم از کم 21 افراد ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے اس کے فوری بعد دھماکہ خیزمواد سے بھرا ڈرون حملہ کیا گیا جس سے دو ایمبولینسیں تباہ ہوگئیں جو زخمیوں کی مدد کے لئے جائے حادثہ پہنچی تھیں۔
پریس سیکریٹری نے بتایا کہ پٹرول سٹیشن پر حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر یہ ظاہر کیا ہے کہ یہ مجرم گروہ خونی ہے۔
جنگجو فوجی یمن میں امن کے قیام کے لئے کسی بھی کوشش کو ضائع کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
یمنی خبر رساں ایجنسی سبا نیوز کے مطابق وزیراعظم معین عبدالمالک نے مارب کے گورنر میجرجنرل سلطان العریدہ سے فون پر بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔
یمن کے وزیر اطلاعات معمر العریانی کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کا مارب شہر کے رہائشی علاقوں کو مسلسل نشانہ بنانے کا مقصد شہریوں کی زیادہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
دریں اثنا مصرکی وزارت خارجہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے یمنی عوام ، حکومت اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
قبل ازیں عرب پارلیمنٹ نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرکے شدت پسندی کے جرائم روکنے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
عرب پارلیمنٹ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اسٹاک ہوم معاہدے کے ذریعہ عائد امن کوششوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کے لئے حوثی ملیشیا کو جواب دینا ہوگا۔