کورونا وائرس، مزید 11 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد بحال
ایک ہزار 520 مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد بحال کیا جا چکا ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے تین علاقوں میں عارضی طور پر بند کی جانے والی 11 مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ 122 روز کے دوران مملکت بھر میں نمازیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر ایک ہزار 520 مساجد کو عارضی طور پر بند کرکے سینیٹائزنگ کے بعد بحال کیا جا چکا ہے۔
وزارت اسلامی امور نے منگل کو بیان میں بتایا کہ منگل کو جو 11 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد بحال کی گئی ہیں ان میں سے آٹھ مکہ، دو ریاض اور ایک نجران ریجن کی ہے۔
وزارت اسلامی امور نے تمام نمازیوں اور منتظمین کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ وہ مساجد میں حاضری کے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ جائے نماز ہمراہ لائیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔