Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت اسلامی کے 21 ہزار تفتیشی دورے، مزید پانچ مساجد بحال

گزشتہ 121 روز میں ایک ہزار 509 مساجد کو بحال کیا گیا ہے۔ ( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی  امور نے چار علاقوں میں 5 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد بحال کی ہیں۔ پانچ نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر مساجد کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گزشتہ 121 روز کے دوران ایک ہزار 509 مساجد کو سینیٹائزنگ کے بعد بحال کیا گیا ہے۔ 
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ پیر کو جو مساجد بحال کی گئی ہیں ان میں سے دو کا تعلق القصیم جبکہ ایک، ایک کا ریاض، نجران اور عسیر ریجنوں سے ہے۔  
وزارت اسلامی امور نے نمازیوں اور منتظمین کو پھر ہدایت کی کہ وہ مساجد آتے وقت ماسک پہنیں، جا نماز ہمراہ لائیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ 
دوسری جانب وزارت اسلامی امور نے ایک  بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں 21 ہزار 700 تفتیشی دورے کیے گئے ہیں۔
 یہ اقدام مساجد کو نئے کورونا وائرس  کو پھیلنے سے بچانے کے لیے مقرر کردہ اقدامات کی پابندی کا اطمینان حاصل کرنے کے لیے کیا گیا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ تفتیشی مہم کے دوران 79 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔ بیشتر کا تعلق ماسک نہ پہننےِ، جا نماز ساتھ نہ لانے، سماجی فاصلے کا احترام نہ کرنے، اوقات نماز کی پابندی نظر انداز کرنے اور مساجد کھولنے بند کرنے کے دورانیے سے متعلق تھیں۔

شیئر: