سعودی عرب تاریخی دستاویزات کو کیسے محفوظ بنا رہا ہے؟
سعودی عرب تاریخی دستاویزات کو کیسے محفوظ بنا رہا ہے؟
منگل 8 جون 2021 20:06
بدھ 9 جون کو قومی ریکارڈ کا عالمی دن منایا جائے گا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں بدھ 9 جون کو قومی ریکارڈ کا عالمی دن منایا جائے گا۔ سعودی عرب، دنیا کے دیگر ممالک کی طرح تاریخی حوالہ جات اور دستاویزات کے تحفظ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کررہا ہے۔
تاریخی دستاویزات اقوام عالم کی تاریخ اور تہذیب و تمدن کا اٹوٹ حصہ اور تاریخی خزانہ شمار ہوتی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب نے تاریخی دستاویزات اور معلومات کے تحفظ کے سلسلے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت تمام نئے طریقے اختیار کررکھے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یونیسکو ہر سال 9 جون کو تاریخی ریکارڈ کے عالمی دن کے طور پر مناتا ہے۔ اس موقع پر تاریخی معلومات اور دستاویزات کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں قومی ریکارڈ کی قدرو قیمت کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی عالمی معیار کے مطابق تاریخی حوالے جمع کرنے اور محفوظ کرنے کا کام انجام دے رہی ہے۔ کنگ عبدالعزیز اکیڈمی وڈیو، آڈیو، فوٹو گرافی اور کاغذی دستاویزات کا بڑا خزانہ جمع کیے ہوئے ہے۔
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی کے پاس سعودی عرب، جزیرہ عرب اور اسلامی و عرب تاریخ سے تعلق رکھنے والی ملکی اور بین الاقوامی تاریخی دستاویزات کا ذخیرہ محفوظ ہے۔
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی میں قلمی نسخوں کا جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ایک ہال ہے جہاں سعودی، عربی اور اسلامی افکار کا ریکارڈ جدید طریقوں کے مطابق محفوظ کیا گیا ہے۔ یہاں معلومات کا ایسا ڈیٹا ہے جس سے کوئی سکالر بےنیاز نہیں ہوسکتا۔
کنگ عبدالعزیزاکیڈمی آڈیو اور وڈیو ریکارڈ بھی تیار کررہی ہے۔ 25 برس سے زیادہ عرصے سے یہ کام جاری ہے- اکیڈمی کے یہاں 7 انٹرویوز کا ریکارڈ بھی محفوظ ہے۔