انٹرنیشنل بانڈ انویسٹرز کی 2.5 ٹریلین ڈالر کی سعودی مارکیٹ تک رسائی
کلائنٹس کو 14 جون سے سعودی ایکسچینج میں رسائی کی اجازت ہو گی۔(فوٹو عرب نیوز)
انٹرنیشنل بانڈ اینڈ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ انویسٹرز خصوصی حیثیت کی درخواست دیے بغیر 2.5 ٹریلین ڈالر کی سعودی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈوئچے بورسی گروپ کی پوسٹ ٹریڈنگ سروسز فراہم کنندہ کلیرسٹریم سعودی تداول گروپ کی ایک یونٹ سیکیورٹیز ڈیپازٹری سینٹر کمپنی (ایڈا) کے ساتھ مل کر سعودی کیپٹل مارکیٹ کو اپنے نیٹ ورک سے مربوط کرے گی۔
کلیرسٹریم بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سعودی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی کی پیشکش کرنے والا پہلا بین الاقوامی سینٹرل سیکیورٹیز ڈپازٹری ہے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اہل کلائنٹس کو 14 جون سے شروع ہونے والے سعودی ایکسچینج میں رسائی اور تجارت کرنے کی اجازت ہو گی۔
یہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سعودی کیپٹل مارکیٹ میں درج سرکاری بانڈز،غیر تبدیل شدہ کارپوریٹ بانڈز اور ای ٹی ایف ایس کو سعودی ریال میں سمجھوتے کے ذریعے رسائی فراہم کرے گا۔
اہل کلائنٹس کو کوالیفائیڈ فارن انویسٹر (کیو ایف آئی) کی حیثیت کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہو گی جو سرحد پار سے سرمایہ کاروں سے سعودی حکومت کے بانڈز کی طلب کو بڑھا سکتی ہے اور گھریلو مارکیٹ کی لیکویڈیٹی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔
کلیرسٹریم کے عالمی منڈیوں کے سربراہ جان ولیمز نے کہا کہ ’ سعودی کیپٹل مارکیٹ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے تیزی سے پرکشش رہی ہے۔ ہم اب متعدد بہترین مارکیٹ شراکت داروں کے ساتھ اپنے کلائٹس تک رسائی کی پیشکش کرتے ہوئے پرجوش ہیں۔‘
سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستیں پہلی سہ ماہی میں 100 بلین ڈالر سے زیادہ مالیت کے بانڈز کے مملکت میں اجرا کے ساتھ عالمی بانڈ سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھا رہے ہیں۔