فیس بک کا سمارٹ واچ پر کام جاری
فیس بک نے کچھ عرصہ قبل ایسے سمارٹ گلاسز لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا جو سمارٹ فونز سے کنیکٹ ہوتے ہوں۔ (فوٹو: بلوم برگ)
عالمی ٹیکنالوجی کمپنی فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک ایسی سمارٹ واچ پر کام کر رہی ہے جو شاید ایک دن اس کے کمپیوٹرائزڈ عینک کے ساتھ منسلک ہو۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فیس بک کے یونٹ ہیڈ اینڈریو بوس ورتھ نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ ورج کی رپورٹ، جس میں کہا گیا تھا کہ سوشل نیٹ ورک اگلے سال سمارٹ واچ لانے کی تیاریاں کر رہا ہیں، کے جواب میں بدھ کو ٹویٹ کیا کہ ’فیس بک ریئلٹی لیبز اے آر گلاسز کو مزید کارآمد بنانے کے طریقوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔‘
ورج ویب سائٹ کے مطابق سمارٹ واچ کے فیچرز میں کیمرے شامل ہوں گے اور یہ فیس بک کی ایپس جیسے انسٹاگرام کے ساتھ مربوط ہوگے۔
اینڈریو بوس ورتھ کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’ہم نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ اے آر گلاسز واقعی کارآمد ہوں۔ ہم ہر طرف ایسی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے بات چیت مزید فطری اور حقیقت کے قریب ہوگی۔‘
انہوں نے متنبہ کیا کہ تحقیق کا نتیجہ ہمیشہ ایک تیار پراڈکٹ میں نہیں ہوتا ہے۔
اینڈریو بوس ورتھ کا کہنا تھا کہ ’جب ہم تیار ہوں گے تو زیادہ شیئر کریں گے۔‘
خیال رہے کہ فیس بک نے کچھ عرصہ قبل ایسے سمارٹ گلاسز لانچ کرنے کا اعلان کیا تھا جو سمارٹ فونز سے کنیکٹ ہوتے ہوں۔
اس حوالے سے فیس بک کے چیف ایگزیگٹو مارک زگربرک کا کہنا تھا کہ رے بین برانڈ کی عینکیں جو فیس بک کے پہننے کے قابل ٹیکنالوجی میں ایک اقدام ہے، مستقبل کی عینکوں کو تیار کرنے کے منصوبے کا ابتدائی اقدام ہے جو انٹرنیٹ سے ڈیٹا یا گرافکس کے ذریعے حقیقی دنیا کے نظارے کو بڑھا دیتا ہے۔