لاہور قلندرز کی ایک اور فتح، پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ کے جمعرات کو ہونے والے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا کر ایک اور فتح اپنے نام کر لی۔
ابو ظبی میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اورز میں 160 رنز بنا سکی۔ زلمی کی جانب سے شعیب ملک نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھلی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے بہ بچا سکے۔
عمید آصف نے 23 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے راشد خان نے 20 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جیمز فالکنر نے زلمی کے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔ کامران اکمل فالکنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ حیدر علی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
ڈیوڈ ملر کو راشد خان نے بولڈ کیا۔ رومن پاول بھی راشد ہی کا شکار بنے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ شرفین ردرفورڈ اور فبیان ایلن کو بھی راشد خان نے پویلین کا راستہ دکھایا۔ وہاب ریاض بھی 17 رنز بنا کر راشد خان کا پانچوں شکار بنے۔
زلمی کی طرف سے شعیب ملک نے شاندار 73 رنز بنائے اور وہ حارث رؤف کا شکار بنے۔
قبل ازیں قلندرز کی جانب سے فخرالزمان اور سہیل اختر نے اننگز کی شروعات کی تاہم دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ صرف 25 رنز پر کے سکور پر قلندرز کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے تاہم اس موقع پر بین ڈنک اور ٹم ڈیوڈ نے قلندرز کو مکمل تباہی سے بچایا۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 80 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
106 کی مجموعی سکور پر بین ڈنک 48 رنز بناکر ایلن کی گیند پر عمید آصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ ٹم ڈیوڈ 64 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
جیمز فالکنر نے بھی سات گیندوں پر 22 رنز کی تیز اننگز کھیلی اور رن آؤٹ ہوئے۔
فخرالزمان کو وہاب ریاض نے ایک رنز کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا جب کہ سہیل اختر سات رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
قلندرز کے سینیئر بیٹسمین محمد حفیظ بھی صرف دو رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد فیضان آٹھ رنز بنا کر محمد عمران کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
راشد خان بھی آٹھ ہی رنز بناکر ایلن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
خیال رہے پاکستان سپر لیگ میں اب تک لاہور قلندرز کی ٹیم چار فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پشاور زلمی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران۔
لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، احمد دانیال اور حارث رؤف۔