Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 6: ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دے دی

کراچی کنگز کے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 85 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
ابو ظبی میں پاکستان سپر لیگ 6 کے سولہویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز کے رِلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعرات کو شیخ زاید سٹیڈیم میں 177 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکتوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔
بابر اعظم نے سب سے زیادہ 85 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ والٹن نے 35، مارٹن گپٹل اور نجیب اللہ زدران نے11، 11 رنز بنائے۔
اوپنر شرجیل خان صرف چار رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے عمران خان کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
 ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے تین جبکہ عمران طاہر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر 176 رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
رلی روسو نے سب سے زیادہ 44 رنز بنئے۔ وہ پریرا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
اوپنر رحمان اللہ گرباز صرف تین رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی صہیب مقصود تھے جو 31 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔
محمد رضوان 29 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ شمرون ہیٹمیر صرف 7 رنز بنا کر پریرا کا شکار بنے، وقاص مقصود نے ان کا کیچ لیا۔

ملتان سلطانز کے رِلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

کراچی کنگز کی جانب سے پریرا نے دو جبکہ وقاص مقصود اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 143 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز نے میچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے 16 رنز درکار تھے جو اس نے راشد خان کی عمدہ بلے بازی کی بدولت حاصل کر لیے۔
راشد خان نے پانچ گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شیئر: