وزارت اسلامی امور نے مزید 7 مساجد بحال کردیں
مساجد کو نمازیوں کی صحت و سلامتی کےلیے سینیٹائزکیا جارہا ہے۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے تین علاقوں میں عارضی طور پر بند کی جانے والی مزید سات مساجد کو سینیٹائز کرکے بحال کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 127 روز کے دوران ایک ہزار 562 مساجد نمازیوں کے وائرس میں مبتلا پائے جانے پرعارضی طور پر بند کردی گئی تھیں۔ انہیں سینیٹائز کرکے بحال کیا جا چکا ہے۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ’ اتوار کو جو سات مساجد بحال کی گئی ہیں۔ ان میں سے تین، تین کا تعلق القصیم اور جازان ریجنوں جبکہ ایک کا تعلق ریاض ریجن سے ہے‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مساجد کو سینیٹائز کرنے کا اہتمام نمازیوں اور مساجد کے عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا جارہا ہے‘۔
وزارت نے نمازیوں اور مساجد کے منتظمین کو پھر ہدایت کی کہ’ وہ مسجد آتے وقت جانماز ہمراہ لائیں۔ ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں‘۔