تمام مساجد میں تراویح اور تہجد ایک ساتھ ادا کی جائیں: وزارت اسلامی امور
تراویح، تہجد اور عشا کا کل دورانیہ 30 منٹ کا ہوگا۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ اتوار دو مئی سے سعودی عرب کی تمام مساجد میں تراویح اور تہجد دونوں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔ تراویح، تہجد اور عشا کا کل دورانیہ 30 منٹ کا ہوگا۔ تینوں نمازیں نصف گھنٹے میں اد کرنا ہوں گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے ہدایت کی کہ سب اس کی پابندی کریں۔ کوئی بھی شخص تہجد کی نماز اور تراویح سے الگ ادا کرنے کی کوشش نہ کرے۔
یاد رہے کہ وزیر اسلامی امور و دعوت رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے رمضان سے دو روز قبل بیان جاری کرکے کہا تھا کہ سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لینے والی کمیٹی اور وزیر صحت کی ہدایت کے مطابق عشا کی نماز، تراویح اور تہجد ایک ساتھ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کی سفارش پر تمام جامع مساجد اور چھوٹی مساجد میں تراویح اور تہجد کی نماز عشا کے ساتھ تیس منٹ کے اندر ادا کرنا ہوں گی۔
مقصد یہ ہے کہ نمازی مساجد میں کم سے کم وقت کے لیے جمع ہوں۔ اس موقع پر زیادہ وقت تک مساجد میں لوگوں کے جمع ہونے سے وائرس پھیلنے کے خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔