کورونا بحران: ایمریٹس کو 30 سال میں پہلی بار نقصان کا سامنا
کورونا بحران: ایمریٹس کو 30 سال میں پہلی بار نقصان کا سامنا
منگل 15 جون 2021 13:09
کورونا وبا کی وجہ سے عائد ہونے والی پابندیوں کے باعث فضائی سفر کی طلب میں بہت کمی ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی کی فضائی کمپنی ایمریٹس کو کورونا وبا کی وجہ سے 30 سال میں پہلی مرتبہ ساڑھے پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا بحران کے دوران کمپنی کی مالک دبئی حکومت کی جانب سے اس کی تین اعشاریہ ارب ڈالر کی مدد بھی کی گئی۔
کمپنی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو شیخ احمد بن سعید المختوم کا کہنا ہے کہ ’کورونا وبا کی وجہ سے مختلف ممالک کی جانب سے ان کی سرحدیں بند کرنے اور پابندیاں لگائے جانے کے بعد فضائی سفر کی طلب کم ہوئی اور ایمریٹس گروپ بری طرح متاثر ہوا۔‘
اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کوئی نہیں جانتا کہ وبا کب ختم ہوگی لیکن ہم جانتے ہیں بحالی بہت پیچیدہ ہوگی۔‘
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسے مارچ تک کے معاشی سال کے دوران 20 ارب تیس کروڑ درہم (ساڑھے پانچ ارب ڈالر) سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
ایئرلائن کو پچھلے سال اپنے آپریشنز بند کرنا پڑے تھے اور اس کے ریونیو میں 66 فیصد کمی آئی۔
مالی سال کے دوران 66 لاکھ مسافروں نے ایمریٹس سے سفر کیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں 88 فیصد کم ہے۔
شیخ احمد بن سعید المختوم کا کہنا ہے کہ وبا جہاں انسانی جانوں کا نقصان پہنچا رہی ہے وہیں معاشروں، معیشتوں، ہوا بازی اور ٹریول انڈسٹری کو بھی بڑے نقصانات کا سامنا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے ایسا نقصان اٹھانے کی خبر 1987-88 میں سامنے آئی تھی جب وہ آپریشنز کا آغاز کر رہی تھی۔
دوسرے بڑے گروپس کی طرح ایمریٹس سے بھی اس وقت لوگوں کو فارغ کیا گیا جب اس کے اے 380 سپر جمبوز اور بوئنگ 777 طیارے گراؤنڈ ہوئے۔
وبا سے قبل ایئرلائن انفرادی طور پر 60 ہزار سے زائد ملازمین رکھتی تھی جن میں 4300 پائلٹس اور 22 ہزار کے قریب دیگر عملہ تھا جبکہ اب اس کی ورک فورس تقریباً 40 ہزار تک محدود ہو گئی ہے۔
سیاحت طویل عرصے سے دبئی کا اہم معاشی ذریعہ رہا ہے جس نے سنہ 2019 کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سیاحوں کو خوش آمدید کہا جبکہ وبا سے قبل اس کا ہدف دو کروڑ تک تھا۔
یو اے ای جو دبئی سمیت سات امارات پر مشتمل ہے، نے بہترین ویکسینیشن مہم چلائی اور ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کے حوالے سخت اصول وضع کیے تاہم ایمریٹس اور ابوظبی کی اتحاد ایئر لائن کا خیال ہے کہ فضائی سفر کی طلب 2023 سے قبل شاید ہی بحال ہو سکے۔