بجلی کنکشن کٹنے کا انتباہ جاری ہونے پر کیا کریں؟
صارف کو کم از کم پچاس فیصد مطلوبہ رقم جمع کرانا ہوگی۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی بجلی کمپنی نے کہا ہے کہ بل ادا نہ کرنے پر کنکشن کاٹنے کا انتباہ جاری کیے جانے کی صورت میں صارف کو پچاس فیصد مطلوبہ رقم جمع کرانا ہوگی۔
باقی رقم اگلے بل میں ادا کی جاسکے گی۔ ایسا کرنے پر ہی صارف بجلی کنکشن کٹنے سے بچ سکتا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی بجلی کمپنی کے کیئر سینٹر کے سرکاری اکاؤنٹ پر ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’صارفین پرانا بل قسطوں میں ادا کرنے کی درخواست کرسکتے ہیں۔ درخواست کمپنی کی ویب سائٹ پر بھی دی جاسکتی ہے اور الکھربا ایپ کے ذریعے بھی بھیجی جاسکتی ہے‘۔
سعودی بجلی کمپنی سے ایک صارف نے پوچھا تھا کہ کمپنی کا پیغام موصول ہوا ہے جس میں ایک مقررہ تاریخ تک بجلی کا بل ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔ پیغام میں بل کی رقم درج ہے اور یہ انتباہ بھی ہے کہ اگر بل مقررہ تاریخ تک ادا نہ کیا گیا تو کنکشن منقطع کیا جائے گا۔
سعودی بجلی کمپنی نے بیان میں کہاکہ بجلی کے بل کا نیا ڈیزائن خاص انداز میں تیار کیا گیا ہے۔
اس میں صارفین کی دلچسپی کی اہم معلومات اور اعدادوشمار اجاگر کیے جارہے ہیں۔ غلطی کی نشاندہی کو آسان بنادیا گیا ہے۔ میٹر کی سابقہ ریڈنگ اور نئی ریڈنگ کے درمیان فرق بھی درج کیا جارہا ہے اور یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کب کتنا بل صارف کے ذمے ہوا۔