اہلیہ نے کھولتی چائے ہاتھ پر انڈیل دی، معاوضہ دلایا جائے
میاں بیوی کے درمیان نوک جھونک پر بات بڑھ گئی۔ ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی نوجوان نے گرم چائے جان بوجھ کر ہاتھ پر انڈیلنے پر اپنی اہلیہ کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر ک رکے مالی اور قانونی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
الرجل میگزین کے مطابق میاں بیوی کے درمیان نوک جھونک پر بات بڑھ گئی۔ دونوں نے تلخ کلامی کے بعد مار پیٹ کی۔
سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کی اہلیہ نے جان بوجھ کر کھولتی ہوئی چائے کا کپ انڈیلا جس سے اس کا ہاتھ جھلس گیا۔ معاوضہ دلایا جائے اور اہلیہ کو اس کے کیے پر سزا دی جائے۔
اہلیہ کا موقف ہے کہ اس نے جو کچھ کیا اپنے دفاع میں کیا۔ تلخ کلامی کے دوران زور سے دھکا دیا۔ اس پر خود کے دفاع کے طور پر چائے انڈیل دی۔
قانونی مشیرعبدالرحمن الاحمدی نے خاتون کے قانونی موقف کے حوالے سے کہا کہ سب سے پہلے میڈیکل رپورٹ دیکھنا ہوگی۔ اگر میڈیکل رپورٹ یہ آئی کہ چائے کے کپ سے ہاتھ زخمی نہیں ہوا تو ایسی صورت میں شوہر کو اہلیہ سے معاوضہ طلب کرنے کا حق نہیں ہوگا۔
جج خاتون سے یہ اقرار نامہ لے گا کہ وہ آئندہ اس قسم کی کوئی حرکت نہیں کرے گی اور دونوں کے درمیان صلح نامہ جاری کردیا جائے گا۔
قانونی مشیر کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے بیشتر مقدمات صلح صفائی پر ختم ہو جاتے ہیں۔ کبھی بیوی اور کبھی شوہر کی جانب سے اقرار نامہ جمع کرایا جاتا ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔