مملکت انٹرنیٹ پروٹوکول کے حوالے سے عرب دنیا میں سرفہرست
موبائل نیٹ ورک پر نئے ایڈیشن کے تجربات کامیاب رہے- (فوٹو سبق)
سعودی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ سعود ی عرب انٹرنیٹ پروٹوکول کا چھٹا ایڈیشن آئی پی وی 6 استعمال کرنے والے دنیا کے دس کامیاب ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔ عرب دنیا اور مشرق وسطی میں اس حوالے سے سعودی عرب سرفہرست ہے۔
مملکت میں دنیا بھر کے تقابل کے حوالے سے سعودی عرب نے پچاس فیصد شرح نمو حاصل کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ بات ایشیا اور بحر الکاہل میں انٹرنیٹ نیٹ ورک انفارمیشن کے ریجنل سینٹر (اے پی این آئی سی) کے گراف میں بتائی گئی ہے۔
انٹرنیٹ پروٹوکول کا چھٹا ایڈیشن جدید تر ہے۔ یہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے لیے کارکردگی اور سیکیورٹی کو بہتر بنائے ہوئے ہے۔
کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے 2020 کی دوسری سہ ماہی میں انٹرنیٹ پروٹوکول کے چھٹے ایڈیشن کا استعمال شروع کیا تھا تب سے اس میں مسلسل شرح نمو ہورہی ہے۔ موبائل نیٹ ورک پر اس ایڈیشن کے تجربات کامیاب رہے تھے۔
کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے سعودی عرب نے جو پوزیشن حاصل کی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ڈھانچہ پختہ ہوچکا ہے۔ یہ کامیابی آئی پی وی 6 ٹی اے ایس کے ایف او آر سی ای نیشنل ٹیم کی تشکیل کی بدولت حاصل ہوئی۔ اس ٹیم میں سرکاری اور نجی ادارے شامل ہیں- ان کی تشکیل کا مقصد تجربات کا تبادلہ اور مملکت میں آئی پی وی 6 کے اجرا کی مدد کے لیے سٹراٹیجک اہداف پر مل جل کر کام کرنا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں