حوثی حملے: ’اوآئی سی ‘ اور ’عرب پارلیمنٹ ‘ کی مذمت
مملکت پرحوثیوں کے یہ حملے جنگی جرائم ہیں (فوٹو، سبق نیوز)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اورعرب پارلیمنٹ نے خمیس مشیط پر حوثیوں کے نئے حملے کی مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ عرب دنیا کے امن و استحکام کو خطرات لاحق کرنے اور شہریوں پر بار بار دہشتگردانہ حملے بند کرانے کے لیے فیصلہ کن موقف اختیار کرے اور اس حوالے سے اپنا فرض ادا کرے- حوثیوں کے یہ حملے جنگی جرائم ہیں-
عرب پارلیمنٹ نے خبردار کیا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور سبق سکھانے والے اقدامات سے عالمی برادری کی ہچکچاہٹ کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے-
عرب پارلیمنٹ نے دہشتگردانہ حملوں سے نمٹنے ، اپنی سرحدوں کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے درکار اقدامات کے سلسلے میں سعودی عرب کو مکمل تعاون کا یقین دلایا-
عرب پارلیمنٹ نے اس بات پر پسندیدگی کا اظہار کیا کہ عرب اتحاد برائے یمن کی افواج تمام دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنا رہی ہیں اور اس حوالے سے ان کی مکمل مستعدی قابل تعریف ہے-
دریں اثنا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے خمیس مشیط کے بے قصور شہریوں کو بارود بردار ڈرون سے نشانہ بنانے کی حوثیوں کی نئی ناکام کوشش پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا- انہوں نے کہا کہ حوثی جان بوجھ کر منظم طریقے سے سول تنصیبات اور شہریوں کو نقصان پہنچانے کے لیے پے درپے حملے کررہے ہیں-
العثیمین نے ایک بار پھر سعودی عرب کو اس امر کا یقین دلایا کہ وہ اپنی سرحدوں کے تحفظ، اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ااقدامات کرے گا او آئی سی اس کے ساتھ ہوگی-