پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 80 رنز سے ہرا دیا
شان مقصود بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔( فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ 6 کے 28 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 80 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر 22 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ فخر زمان 13 اور محمد حفیظ 14 رنز بنا سکے۔
لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بین ڈنک نے کیا تاہم دونوں اوپنرز ناکام ہوئے۔
فخر زمان 13 رنز بناکر نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کا شکار بنے۔ بین ڈنک کو عمران خان نے آؤٹ کیا۔ وہ صرف پانچ زنز بنا سکے۔
محمد حفیظ کا قیام بھی کریز پر مختصر دورانیے کے لیے رہا اور وہ صرف 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سہیل اختر، پانچ، ٹم ڈیوڈ 10، راشد خان دو اور شاہین شاہ آفریدی دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی چار اور عمران خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 169 رنز بنائے۔
ملتان کی جانب سے صہیب مقصود ٹاپ سکورر رہے۔ انہوں نے 60 رنز بنائے۔ ریلے روسو 29 جب کہ سہیل تنویر نے ناقابل شکست 26 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جب کہ جیمز فالکنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ احمد دانیال، راشد خان اور حارث رؤف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور شان مقصود نے کیا۔ شان مقصود بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔
محمد رضوان 15 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ جانسن چارلس کو راشد خان نے 10 رنز کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
صہیب مقصود 60 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔ ریلے روسو کو احمد دانیال نے آؤٹ کیا۔
عمران طاہر کو جیمز فالکنر نے پویلین کا راستہ دکھایا۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی تیسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
لاہور قلندرز:
سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، آغا سلمان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمزفالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔
ملتان سلطانز:
محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران خان اور عمران طاہر۔