Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کے حملے ناکام، عرب اتحاد نے ایک دن میں 17 ڈرون تباہ کر دیے

حوثی ملیشیا مملکت کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی فضائیہ نے حوثی باغیوں کی طرف سے داغے جانے والے دو ار ڈرون تباہ کردیے۔ ایک دن میں 17 بارودی ڈرون تباہ  کیے جا چکے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق اتحادی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے سنیچر کی شام  اور رات سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط  اور جازان کو دھماکہ خیز ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ 
اتحادی فورسز کی ایئرکمان اینڈ کنٹرول یونٹ نے خمیش مشیط میں حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے جانے والے دونوں ڈرون اور جازان میں ایک ڈرون کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیا یے۔ 
سنیچر کو رات گئے اتحادی فورسز نے مملکت پر حملے کے لیے بھیجے گئے حوثیوں کے مزید چھ ڈرونز مار گرائے۔
قبل ازیں اتحادی فورسز کا کہنا تھا کہ فضائیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حوثی دہشتگردوں کے 7 ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا جن کا ہدف جنوبی علاقہ تھا۔ 
 ’ایران نواز حوثی ملیشیا نے جنوبی علاقے کی شہری آبادی اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لئے یکے بعد دیگرے 7 ڈرون داغے تھے۔بروقت کارروائی کرتے ہوئے حوثی ڈرونز کو فضا میں ناکارہ بنا دیا گیا‘۔
 عرب اتحاد  کے مطابق سنیچر کی صبح بھی ایک حوثی ڈرون کو راستے میں تباہ کر دیا گیا تھا جس کے ذریعے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق عرب اتحاد، جو یمن کی قانونی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی بحالی کے لیے لڑ رہا ہے، کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی مناسبت سے عام شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرے گا۔
ایران کی پشت پناہی رکھنے والی حوثی ملیشیا تسلسل سے مملکت کے خلاف ایسے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

شیئر: