سعودی کسٹم کی کارروائیاں، 290 کلو سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام
سعودی کسٹم کی کارروائیاں، 290 کلو سونا سمگل کرنے کی کوشش ناکام
اتوار 20 جون 2021 12:16
گذشتہ 18 ماہ کے عرصہ میں مختلف غیر قانونی ترسیلات ضبط کی گئی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے محکمہ زکوٰۃ و ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی (جی اے زیڈ ٹی) کی جانب سے گذشتہ سال 2020 کے آغاز سے لے کر اب تک 18 ماہ کے عرصہ میں مختلف غیر قانونی ترسیلات ضبط کی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سمگلنگ کی ان کارروائیوں میں 290 کلوگرام سونے کے زیورات اور تقریبا 90 ملین ریال (24 ملین ڈالر) کی نقد رقم کو سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر باہر منتقل کئے جانے سے روکا ہے۔
سعودی عرب میں کسٹمز حکام نے گذشتہ جمعہ کو نقد رقم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
البطحا بارڈر کے راستے سعودی عرب سے باہر جانے والے ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.76 ملین ریال کی نقد رقم سمگل کی جا رہی تھی۔
کسٹم اتھارٹی کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ یہ رقم ٹرک کے ایکسل کے ساتھ خفیہ جگہ پر بڑی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ گرفتار کئے گئے سمگلرز کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
27 مئی کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔
ائیرپورٹ پر پہنچنے والی ایک مشکوک مسافر خاتون کو روکا گیا اور تلاشی لینے کے بعد خاتون سے 60 کیپسول برآمد کئے گئے ہیں جن میں 683.5 گرام کوکین چھپائی گئی تھی۔
علاوہ ازیں ایک مرد مسافر کو مشکوک حالت میں روکے جانے پر تلاشی لینے سے80 کیپسول برآمد کئے گئے جن میں918.5 گرام کوکین موجود تھی۔
60 ہزار ریال مالیت سے زائد کی تفصیل کسٹم حکام کو پیش کرنا لازمی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
واضح رہے کہ سعودی عرب کے کسٹم قوانین کے مطابق اگر کسی مسافر کے پاس 60 ہزار ریال نقد یا اس کے مساوی غیر ملکی کرنسی یا اتنی مالیت کے سونے یا مختلف دھات کے زیورات سے زائد اشیا موجود ہیں تو ان پرلازم ہے کہ کسٹم حکام کو بذریعہ ایپلی کیشن یا ویب سائٹ کے ذریعہ فارم بھرکر تفصیلات درج کرنا ہوتی ہیں اور روانگی یا آمدپر یہ تفصیل کسٹم حکام کو پیش کرنا لازمی ہے۔
محکمہ کسٹم نے واضح کیا ہے غلط بیانی یا غیراعلانیہ ترسیلات کی برآمدگی کی صورت میں ضبط شدہ کرنسی یا اشیاء کی مالیت کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مشکوک مسافر کو روکے جانے پر تلاشی لینے سے80 کیپسول برآمد ہوئے۔(فوٹو عرب نیوز)
علاوہ ازیں اگر ایسی کسی خلاف ورزی کو دہرایا جاتا ہے تو ضبط شدہ اشیاء کی کل قیمت کا 50 فیصد جرمانے کے طور پر ادا کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ ایسی خلاف ورزی پر جرمانہ اس صورت میں کیا جائے گا اگر یہ کارروائی کسی لاعلمی کے تحت کی گئی ہو یا اس پر منی لانڈرنگ کا شبہ ظاہر نہ کیا جاتا ہو۔
کسی قسم کا شک یقین کی صورت میں بدلنے پر پوری رقم ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنے والے کو مملکت کے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں