اذان اور اقامت میں معمول کا وقفہ بحال، مساجد میں ایس او پیز میں نرمی
اذان اور اقامت میں معمول کا وقفہ بحال، مساجد میں ایس او پیز میں نرمی
اتوار 20 جون 2021 14:14
’دو نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کی مسافت برقرار رہے گی تاہم دو صفوں کے درمیان ایک خالی صف کی شرط منسوخ کی جاتی ہے‘ (فوٹو: سبق)
وزارت اسلامی امور، دعوت و ارشاد نے تمام مساجد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اذان اور اقامت کے درمیان سابقہ وقفے کو بحال کریں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے باعث خصوصی ہدایات پر نظر ثانی کی گئی ہے، حالات کے مطابق اذان اور اقامت کے درمیان وقفے کو مختصر رکھنے کی ہدایت اب منسوخ کی جاتی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سابقہ ہدایت نامے کی جگہ اب نئے ہدایت پر عمل کرنا شروع کر دیں‘۔
وزارت کی طرف سے نئے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ’تمام مساجد میں وزارت صحت کے ضابطے پر مسلسل عمل ہوتا رہے گا‘۔
’تمام نمازی ماسک کے پابند ہوں گے، اپنی جائے نماز ساتھ لائیں گے اور سماجی فاصلے کے علاوہ مسجد کے دروازوں پر بھیڑ نہیں لگائیں گے‘۔
’دو نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کی مسافت برقرار رہے گی تاہم دوصفوں کے درمیان ایک خالی صف کی شرط منسوخ کی جاتی ہے‘۔
’اذان اور اقامت کے درمیان وقفے کی مدت کو پہلے کی طرح بحال کیا جاتا ہے۔ اب تمام نمازوں کے لئے اذان اور اقامت کے درمیان وقفہ پہلے کی طرح 20 منٹ ہوگا، فجر کے لئے وقفہ 25 منٹ جبکہ مغرب کے لئے وقفہ 10 منٹ کا رکھا جائے گا‘۔
’جمعہ کی نماز سے ایک گھنٹہ پہلے مساجد کھولی جائیں گی اور نماز کے 30 منٹ بعد بند کی جائیں گی‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’جمعہ کی نماز اور خطبہ کو 15 منٹ تک محدود رکھنے کی ہدایت منسوخ کی جاتی ہے تاہم خطیبوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سنت کی پیروی کرتے ہوئے خطبہ مختصر ہی رکھا جائے‘۔
’تمام مساجد میں مصحف پہلے کی طرح رکھیں جائیں گے تاہم نمازیوں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ اپنا مصحف اپنے ساتھ لائیں‘۔
’مساجد میں دروس اور تقاریر بحال کی جائیں گی تاہم اس کے لئے ایسے وقت کا انتخاب کیا جائے گا جب مسجد کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی‘۔
’مساجد میں پانی کے کولر اور فریج ہٹانے کی ہدایت منسوخ کی جاتی ہے، اب احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد میں کولر اور فریج رکھے جاسکتے ہیں‘۔