Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’5 لاکھ حج درخواستیں موصول، 14 ذو القعدہ کو جائزہ لیا جائے گا‘

حج کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر خصوصی لنک جاری کیا ہے۔ (فوٹو: سبق)
حج کی درخواستیں جمع کرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 14 ذو القعدہ کودرخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ’حج درخواستوں کے نتائج کا اعلان 15 ذو القعدہ کو ہوگا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’جن لوگوں نے کورونا ویکسین کی ایک یا دونوں خوارکیں لے رکھی ہیں یا وہ لوگ جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا انہیں ترجیح دی جائے گی۔‘
نائب وزیر حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ذو القعدہ کی 13 تاریخ تک خواہشمند درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
’عازمین کو پیش کی جانے والی سہولتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم ہوگی اور جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔‘
واضح رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے امسال حج کی ادائیگی کو اندرون ملک کے عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 60 ہزار افراد کو حج کی اجازت ہوگی۔
حج کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر خصوصی لنک جاری کیا ہے جہاں عازمین اپنے کوائف کا اندراج کراسکتے ہیں۔

شیئر: