Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سرحدیں کھلنے کے بعد سعودی شہری فضائی سفر کی طرف لوٹ آئے‘

ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی شہری چھوٹے سیاحتی دورے کر رہے ہیں (فوٹو شٹرسٹاک)
سعودی عرب میں ایک بڑی ٹریول ایجنسی نے کہا ہے کہ سرحدیں کھولنے کے ایک مہینے بعد بکنگ کا رجحان دیکھتے ہوئے بحالی کے امکانات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سیرا گروپ کی ’المسافر‘ ٹریول ایجنسی نے کہا ہے کہ کمپنی نے 2019 کے مقابلے میں 76 فیصد بکنگ حاصل کی ہے، اور سال کی آخری سہ ماہی میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
کمپنی کے مطابق سروے میں حصہ لینے والے 90 فیصد افراد نے کہا کہ سرحدیں کھلنے کے بعد چھ مہینوں میں وہ بیرون ملک جائیں گے۔
المسافر کا کہنا ہے کہ اندرون ملک سفر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی مقامی سیاحتی مقامات دیکھنا چاہتے ہیں۔
المسافر کے نائب صدر مزمل الحسین نے کہا کہ ’سرحدیں کھلنے کے باوجود ہمیں یہ دیکھ کر خوشی حاصل ہو رہی ہے کہ اندرون ملک سفر کی طلب بڑھ رہی ہے، اور ہماری اندرون ملک سفر کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔‘
 اندرون ملک لوگ جدہ، ریاض، الخبر اور دمام کا سفر کر رہے ہیں۔ مملکت سے باہر جانے کے لیے امارات، قطر، بحرین، مصر، یوکرین اور مراکش سعودی شہریوں کی پسندیدہ منزلیں تھیں۔ فیملیز اور جوڑوں کے لیے مالدیپ بھی پسندیدہ جگہ تھی۔
ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی شہری چھوٹے سیاحتی دورے کر رہے ہیں اور ہر بکنگ پر پانچ فیصد زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔
المسافر کے نائب صدر نے کہا کہ ’گذشتہ ایک ماہ میں المسافر کی بکنگ اور سرچز کو دیکھتے ہوئے ہم سعودی ٹریول سیکٹر کے بارے میں بہت پر امید ہیں۔‘

شیئر: