تیز رفتار ایتھلیٹ یوسین بولٹ کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش
یوسین بولٹ اور کاسی بولٹ کی ایک بیٹی بھی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
اولمپک کے تیز رفتار ایتھلیٹ یوسین بولٹ اور ان کی ساتھی کاسی بینیٹ نے اتوار کو اپنے گھر جڑواں لڑکوں کی پیدائش کا اعلان کیا ہے۔ دونوں لڑکوں کا نام تھنڈر بولٹ اور سینٹ لیو بولٹ رکھا گیا ہے۔
یوسین بولٹ نے انسٹاگرام پر اتوار کو والد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جڑواں بیٹوں کے ساتھ پوسٹ لگائی تاہم یہ نہیں بتایا کہ بچوں کی پیدائش کب ہوئی۔
کاسی بینیٹ نے بھی دونوں لڑکوں اور بیٹی اولمپیا لائیٹننگ بولٹ کے ساتھ تصویر لگا کر یوسین بولٹ کو فادرز ڈے کی مبارک باد دی۔
اولمپنا کی پیدائش مئی 2020 میں ہوئی تھی تاہم ان کے نام کا اعلان دو مہینوں بعد کیا گیا تھا۔
34 سالہ یوسین بولٹ نے 2008، 2012 اور 2016 کے کھیلوں میں آٹھ گولڈ میڈلز جیتے ہیں تاہم وہ 2017 میں ریٹائر ہوگئے تھے اور کووڈ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ نہیں لیں گے۔
تاریخ میں سب سے تیز رفتار مانے جانے والے شخص یوسین بولٹ نے 100 اور 200 میٹر ریس میں ریکارڈ قائم کیا۔
وہ واحد ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے لگاتار تین اولمپکس میں 100 میٹر اور 200 میٹر ڈبل دوڑ جیتی ہیں۔
یوسین بولٹ نے 23 بڑے چیمپیئن شب گولڈ میڈل جیتے ہیں، انہوں نے فٹ بال کے کھیل میں بھی اپنی قسمت آزمائی لیکن کوئی کانٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور 2019 میں تمام کھیلوں سے ریٹائرمنٹ لے لی۔
انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ 'یہ ایک اچھا تجربہ تھا۔ مجھے صرف ایک ٹیم کا حصہ ہونے میں بہت مزہ آیا اور یہ ٹریک سے مختلف تھا۔۔۔'