Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنگامی حالات میں بھی ٹوکیو گیمز منعقد ہوں گی، عالمی اولمپکس کمیٹی

23 جولائی سے پہلے میزبان شہر کے 80 فیصد سے زیادہ رہائشیوں کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ فوٹو روئٹڑز
بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی کے نائب صدر نے کہا ہے کہ شہر میں کورونا کے باعث ہنگامی حالات ہونے کی صورت میں بھی ٹوکیو اولمپکس ضرور منعقد ہوں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عالمی اولمپکس کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس نے جمعے کے روز کہا کہ ایتھلیٹس اور جاپانی شہریوں کی سکیورٹی اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات بدترین ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔
اولمپک گیمز نو ہفتے کے بعد شروع ہونے جا رہے ہیں۔ اولمپکس کمیٹی کی کوشش ہے کہ گیمز کے آغاز سے پہلے جاپان کے شہریوں کے کورونا کے پھیلاؤ کے حوالے سے خدشات دور کیے جائیں۔
روئڑز کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق تقریباً 70 فیصد جواب دہندگان نے اولمپکس منسوخ یا ملتوی کرنے کا کہا ہے۔
اولپمکس کی افتتاحی تقریب میں فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ فرانس نے اولمپکس 2024 کی میزبانی کا اعلان کیا تھا۔
نائب صدر جان کوٹس نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 23 جولائی سے پہلے میزبان شہر کے 80 فیصد سے زیادہ رہائشیوں کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اولمپکس کے دوران کورونا کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اضافی طبی عملہ موجود ہوگا۔

سروے کے مطابق 70 فیصد جواب نے اولمپکس منعقد کرنے کی مخالفت کی ہے۔ فوٹو گیٹی

جاپان کی 4.1 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دی گئی ہے جبکہ آدھے طبی عملے کی ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو سکا ہے۔ جاپان میں شہریوں کو ویکسین لگانے کی رفتار دیگر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔
جی سیون ممالک میں سے چند نے کورونا وائرس پر قابو پاتے ہوئے شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنا بھی ختم کر دیا ہے جبکہ جاپان کے بیشتر حصوں میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔
اولمپکس کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس نے امید کا اظہار کیا کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگنے سے اولمپکس گیمز کی مخالفت میں کمی آئے گی۔
گیمز کے دوران انفیکشن کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے اولمپکس کے شرکا کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار سے کم کرکے 78 ہزار کر دی گئی ہے۔
اولمپکس کمیٹی کی منتظم سیکو ہاشیموتو کے مطابق گیمز کے دوران 230 ڈاکٹر اور 300 نرسز روزانہ موجود ہوں گی، جبکہ 50 سے 60 ہزار کورونا وائرس ٹیسٹ روزانہ کیے جائیں گے۔

 گیمز سے پہلے میزبان شہر کے تمام رہائشیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے واضح کیا کہ گیمز کے دوران طبی عملے کی خدمات حاصل کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ مقامی میڈیکل سروسز متاثر نہ ہوں۔
جاپان میں ہونے والے ٹریننگ کیمپس میں سے پچاس عالمی وبا کے خدشات کے باعث منسوخ ہو چکے ہیں۔

شیئر: