الخبر میں پہلا ملٹی ہال سینما کمپلیکس قائم
امپائر سینما کمپنی نے 2020 میں اپنا کاروبار مملکت میں شروع کیا- (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں امپائر سینما کمپنی نے الخبر کے الراشد مال میں پہلا ملٹی ہال سینما کمپلیکس قائم کیا ہے۔
امپائر سینماز ریجنل کمپنی ہے اور یہ سینما گھر چلانے کا تجربہ رکھتی ہے۔ عبدالرحمن الراشد اینڈ سنز گروپ کے تعاون سے تفریحاتی پروگرام چلا رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق امپائر سینماز نے الخبر میں جو ملٹی ہال سینما کمپلیکس قائم کیا ہے وہ سعودی عرب میں چوتھا ہے۔ یہ کمپنی جدہ، الخبر، جازان اور ابہا میں 64 سینما سکرینیں قائم کرچکی ہے۔
شائقین نے الخبر سینما گھر میں 2021 کی کامیاب ترین فلم ’فاسٹ اینڈ فیورس 9 ‘ نامی فلم دیکھی اور پسندیدگی کا اظہار کیا۔
امپائر سینما کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جینو حداد نے کہا کہ شائقین ہمارے فلمی پروگراموں کو بے حد پسند کررہے ہیں۔ سعودی مارکیٹ میں 2020 کے دوران آئے تھے۔ سعودی عرب میں فلموں کے شائقین ہماری توقعات سے کہیں زیادہ اچھے ثابت ہوئے۔ انہوں نے فلم بینی سے گہرے تعلق کا مظاہرہ کیا۔
انہو ں نے کہا کہ الراشد مال میں سینما کمپلیکس جدید ہے اور معیاری تفریحاتی سرگرمیوں کے لیے تمام سہولتیں موجود ہیں۔ یہ 1237 آرام دہ اور جدید طرز کی نشستوں پر مشتمل ہے اور اس میں 18 ہالز ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں